پاکستان ریلوے:کراچی سے حیدر آباد کا سفر دو کے بجائے پانچ گھنٹوں پر محیط


کراچی اور اندرون سندھ میں موسلا دھار بارشوں سے  ریلوے ٹریک متاثر ہوا تو گزشتہ روز کی طرح آج بھی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں ۔کراچی سے حیدر آباد کا سفر دو کے بجائے پانچ گھنٹوں پرمحیط ہو گیا۔

لاہور سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی ٹرینیں بھی پندرہ پندرہ گھنٹے لیٹ ہو گئیں ، انتظار کی سولی پر لٹکے شہریوں نے وزیر ریلوے سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

محکمہ ریلوے کے ذرائع کا کہناہے کہ کراچی اور اندرون سندھ میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے کراچی اور حیدر آباد سمیت متعدد شہروں میں ریلوے ٹریک زیر آب آ گیا ہے، الیکٹرانک اور سگنل سسٹم متاثر ہونے کے باعث اندرون سندھ سے ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

لاہور سے کراچی اور کوئٹہ آنے جانیوالی ریل گاڑیاں بھی پندرہ گھنٹے تک لیٹ ہونے لگیں،آج خیبر میل دس،گرین لائن گیارہ اور شالیمار ایکسپریس ساڑھے دس گھنٹے لیٹ ہوئی۔

اسی طرح جناح ایکسپریس بارہ اور کراچی ایکسپریس پانچ گھنٹے چالیس منٹ دیر سے آئی، بار بار ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی کا سن کر مسافر سیخ پا ہو گئے۔ سخت گرمی اور انتظار کی کوفت سے دوچار مردوخواتین مسافروں  نے تو وزیر ریلوے شیخ رشید کو گھر بیٹھنے کی تجویز دے ڈالی۔

بارشوں سے متاثرہ ٹریک تونجانے کب ٹھیک ہوں  لیکن ریلوے انتظامیہ نے شہریوں کو تسلی دے دی ہے کہ اقدامات کر رہے ہیں جلد گاڑیوں کی آمدوروفت معمول پر آ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: مسافر ٹرینیں 15 گھنٹے تاخیر کا شکار: مسافر اذیت سے دو چار


متعلقہ خبریں