نیب نے خورشید شاہ کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما  اور سابق اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی  خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت  ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں مجموعی طور پر9 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

خورشیدشاہ کے علاوہ سابق گورنر خیبرپختونخوا  اور ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کےخلاف بھی تحقیقات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سابق سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا امتیاز ایوب، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران اور متعدد اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر تنویر الحسن گیلانی کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا بھی گیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کیخلاف اثاثہ جات چھپانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما طاہر شاہ نے خورشید شاہ کی الیکشن 2018میں کامیابی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ خورشید شاہ نے 2011 میں شاہ فوڈ انڈسٹری خریدی اور 2017 میں مالکانہ حقوق  حاصل کیے لیکن 2018 نامزدگی فارم میں ظاہر نہیں کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے استدعا کی ہے کہ جان بوجھ کر اثاثے چھپانے کے جرم میں خورشید شاہ کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے اور انہیں الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں