دو وزرائے اعظم اور ایک صدر کا دورہ امریکہ، اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

سربراہان مملکت کے دورہ امریکہ پر اخراجات

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان، سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدرآصف  علی زرداری میں سے کس کا دورہ امریکہ عوام کو سب سے مہنگا پڑا؟ اس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔ 

عمران خان، نواز شریف اور آصف علی زرداری کے وزارت عظمیٰ کے دوران ہونے والے دورہ امریکہ کی تفصیلات  کے مطابق آصف علی زرداری نے سال 2009 میں 6 روزہ امریکہ کا دورہ کیا تھا جس پر قومی خزانے سے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالرز اخراجات آئے تھے۔

نواز شریف نے سال 2013 میں 6 روزہ دورہ امریکہ کیا تھا جو پاکستان قوم کو 5 لاکھ 49 ہزار 853 ڈالرز میں پڑا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ میں کفایت شعاری کی مثال قائم کر دی گئی۔

عمران خان کے دورہ امریکہ میں نہ تو سرکاری جہاز کا استعمال کیا گیا اور نہ ہی سیون اسٹار ہوٹل میں رہائش رکھی گئی جبکہ عمران خان اپنے اہلخانہ کو بھی دورہ امریکہ پر لے کر نہیں گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ اور عالمی میڈیا

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر صرف 67 ہزار 180 ڈالرز خرچ ہوئے اور قومی خزانے کے کروڑوں روپے بچا لیے گئے۔

عمران خان 21 جولائی کو تین روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہوئے تھے جہاں دیگر مصروفیات کے علاوہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں مختلف موضوعات زیر بحث رہے۔

عمران خان کے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیا گیا جبکہ وطن واپسی پر عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج ایسا لگ رہا ہے میں ورلڈ کپ جیت کر لوٹا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دنیا ان کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرانا چاہتے ہیں۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔


متعلقہ خبریں