نیب نے ایک ماہ میں پلی بارگین سے 3 ارب روپےنکلوائے

ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس، پلی بارگین کی درخواست منظور

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایک ماہ کے دوران کرپشن میں ملوث 25 ملزمان سے پلی بارگین کر کے تین ارب روپے نکلوائے ہیں۔

نیب راولپنڈی نے 30 دنوں کے دوران  2.12 ارب  ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب بلوچستان نے بدعنوان عناصر سے 75 لاکھ کے لگ بھگ رقم وصول کر کے حکومت بلوچستان کے حوالے کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی احتساب عدالت کے ا یڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کے نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن فنڈز میں خورد برد کیس میں گرفتار آصف محمود اور عارف علی کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کی تھی۔

مزید جانیں ’لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں‘

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دونوں ملزمان 2.12 ارب روپے دینے کے لیے تیار ہیں‘ دونوں ملزمان کاروبار میں برابر کے پارٹنر ہیں‘ ملزمان آصف محمود اور عارف علی نے سندھ حکومت کے افسران سے مل کر بڈنگ کے ذریعے کرپشن کی۔

جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے پیسے دینے کے لئے ملزمان تیار ہیں؟ کیا آپ اپنے خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں؟ ملزمان کی طرف سے جواب دیا گیا کہ وہ جی خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نوازشریف اور آصف علی زرداری کو بھی پلی بارگین کی آفر کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتی ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان لوگوں نے جتنا پیسہ لوٹا ہے واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں۔


متعلقہ خبریں