رمضان شوگر مل کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی

رمضان شوگر مل کیس کی سماعت آج ہو گی

فائل: فوٹو


لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کرتئے ہوئے سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔

سینیٹ انتخابات کے باعث شہباز شریف احتساب عدالت پیش نہیں ہوئے، احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر نیب نے گرفتار اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو پیش کیا

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز کے سی ای او کے طور پر ملزم ایم پی اے مولانا رحمت اللہ سے درخواست دلوا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر مل کیلئے نالہ تعمیر کیا گیا جو ایک غیرقانونی قدم تھا۔

حمزہ شہباز نے احتساب عدالت میں کہا کہ وہ ایک گنہگار انسان ہیں لیکن ان پر کوئی بدعنوانی ثابت کر کے دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ سوال چھوڑے جا رہے ہیں جس کا جواب قیامت تک انہیں نہیں ملے گا۔

اس موقع پر شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی

یاد رہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

دونوں کی جانب سے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کر رکھا ہے،  اب تک نیب کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا جا چکا ہے۔

شہباز شریف کی اس کیس میں بھی 14 فروری کو لاہور ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت منظور کر لی گئی تھی۔

قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف نیب کی جانب سے رمضان شوگر مل کیس میں بھی گرفتاری ڈالی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان شوگر ملز کیس، حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

یاد رہے دو ہفتے قبل کیس کی سماعت کے دوران نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

حمزہ شہباز کے بارے میں عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ رمضان شوگر ملز کیس میں جوڈیشل جبکہ آمدن سے زائد اثاثے کیس میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں، تفتیشی کو عدالت کا حکم نہیں ملا کہ حمزہ کو پیش کیا جائے ۔

اس موقع پر حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا واضح حکم دیا تھا، انہیں پیش نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےعدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز اس وقت نیب کی حراست میں ہیں، ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ انہیں عدالت میں پیش کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز میں گرفتار کیا گیا تھا، اب میں ضمانت پر رہا ہوں، میں قانون کا احترام کرتا ہوں مگر کمر درد کی وجہ سے پیش نہیں ہو پاتا۔


متعلقہ خبریں