سینیٹ انتخاب: کوئی جیتے یا ہارے، جمہوریت کمزور ہوگی! شیخ رشید

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خبردار کیا ہے کہ سینیٹ میں جو بھی جیتے یا ہارے جمہوریت کمزور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیوار کے پیچھے جو حالات ہیں وہ بیان نہیں کرسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین سینیٹ کا فٹبال نہیں بنایا جاتا اور ساتھ ہی متنبہ کیا کہ یہ ہاتھ لگا لگا کر روئیں گے۔ انہوں نے حزب اختلاف کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سب کے ہاتھ گند میں بھرے ہوئے ہیں جو وہ قوم کے چہرے پر ملنے جارہے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاق کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی اتحادی شیخ رشید احمد نے یہ بات سکھر میں ایک ایسے وقت میں کہی ہے کہ جب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے سینیٹ اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کامعاملہ، حزب اختلاف اور حکومتی سینیٹرز کا عشائیہ

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اس وقت ریلوے کے سکھر ڈویژن کے تین روزہ دورے پر ہیں جس کے بعد طے شدہ پروگرام کے تحت وہ لاڑکانہ ڈویژن کے دورے پر جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو زمینیں لیز پر لی ہیں ان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سب صاحب حیثیت سینیٹرز ہیں تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کے پا س تعویذ ہوتے ہیں۔

دلچسپ امر ہے کہ چند روز قبل ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ایک پریس بریفنگ کے دوران پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے نہایت پر اعتماد لہجے میں کہا تھا کہ میں سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں صادق سنجرانی کو جیتتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق سینیٹ اجلاس میں جمع کرائی گئی قرارداد سے متعلق بیلٹ پیپرز تیار کر لیے گئے ہیں جن پر خفیہ رائے شماری آج کرائی جائے گی۔ قواعد و ضوابط کے تحت ایوان بالا (سینیٹ) کا ہر رکن حروف تہجی کے حساب سے اپنا بیلٹ پیپر حاصل کرے گا۔

’چیئرمین سینیٹ کا جانا ٹھہر گیا‘

سینیٹرز کو قرارداد کے حق یا مخالفت میں ووٹ دے کر بیلٹ باکس میں ڈالنا لازمی ہوگا۔ دونوں عہدوں پر انتخابات کے لیے پریزائیڈنگ افسر شیڈول کا اعلان کریں گے جب کہ سینیٹر بیرسٹر سیف نئے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ نے قرارداد پر ووٹ کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ نے پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عاید کر دی ہے جب کہ بیلٹ پیپر کسی کو دکھانا یا تصویر بنانا منع ہے تاکہ ووٹ کی رازداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جا سکے۔ انتخابی قوانین کے تحت قرارداد پر رائے شماری بہ ذریعہ خفیہ بیلٹ ہوگی۔

حزب اختلاف نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حکومتی ارکان نے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا اعلان کردیا تھا۔

چیئرمین سینیٹ کے لیے حزب اختلاف کی جانب سے قائم کردہ ’رہبر کمیٹی‘ نے طویل صلاح و مشورے کے بعد سینیٹر میر حاصل بزنجو کا اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

’پی ٹی آئی کا چیئرمین سینیٹ نہ رہا تو مشکل ہوجائے گی‘

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں جمہوریت اور آئین کی فتح ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں کی نیت خراب ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے سینیٹرز کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ غیر جمہوری اور غیر آئینی طرز عمل سے باز رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حزب اختلاف کو واضح اکثریت حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں