فیس بک کرنسی لبرا کا پراجیکٹ کھٹائی میں پڑ سکتا ہے


سماجی رابطوں کے لیے استعمال کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کا کہنا ہے کہ ان کی کرنسی لبرا کے مارکیٹ میں آنے کو بہت سے عوامل متاثر کر رہے ہیں۔

فیس بک کی جانب سے پوسٹ کیے گئے ایک بلاگ میں کہا گیا ہے کہ کرپٹو کرنسی لبرا اور اس سے منسلک دیگر سروسز وقتِ مقررہ پر مارکیٹ میں آئیں گی یا نہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بلاگ میں فیس بک کی انتظامیہ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں ابھی نئے ہیں اور یہ ناتجربہ کاری کرپٹو کرنسی کو کامیابی سے مارکیٹ میں لانے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

اس پراجیکٹ کو درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کے بارے میں فیس بک کا کہنا ہے کہ جب سے کرپٹو کرنسی کو مارکیٹ میں لانے کا اعلان کیا گیا ہے قانون دانوں اور ریگولیٹرز کی رائے اس بارے میں مثبت نہیں رہی۔ لہٰذا پراجیکٹ کو مارکیٹ میں کامیابی سے لانے کے لیے ان دونوں کی رائے کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کوئی حکمتِ عملی بنائی جائے گی۔

سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے فیس بک کا کہنا تھا کہ ’ حکومت اور ریگولیٹرز کی جانب سے کرنسی لبرا کی بہت تفصیل سے جانچ پڑتال کی گئی ہے اور ہم یہ امید کرتے ہیں کہ جانچ پڑتال کا یہ عمل جاری رہے گا۔‘

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کیلبرا کے صارفین کی معلومات فیس بک سے وابستہ دیگر ایپلیکیشنز کے لیے استعمال نہیں کی جائیں گی تاہم فیس بک انتظامیہ کے ماضی کو دیکھتے ہوئے صارفین اس قسم کے دعویٰ پر یقین کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔


متعلقہ خبریں