’ اگرمریم نواز کی خبروں پر پابندی ہے تو حکومت نوٹیفکیشن عوام کے سامنے لائے‘

نواز شریف اور مریم کے معاملے پر روایتی سستی یا تاخیری حربے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے مطالبہ کیاہےکہ  اگرمریم نواز کی خبریں ٹی وی و اخبارات پر چلنے کی پابندی ہے تو حکومت نوٹیفکیشن عوام کے سامنے لائے۔ وجہ بتائی جائے کہ مریم نواز کی آواز کیوں دبائی جارہی ہے۔ جتنا مرضی ظلم کر لیں، ہم جھکیں گے نہیں، ہمیں ایک دن انصاف ضرور ملے گا۔ 

مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے یہ گفتگو آج کوٹ لکھپت جیل لاہور میں مریم نواز اور دیگر اہل خاندان سے ملاقات کے موقع پر کی ۔  سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں مریم نواز شریف کی نواز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ مریم نواز شریف اور  دیگر اہلخانہ کی محمد نواز شریف سے ملاقات تقریباً 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی،مریم نواز نے اپنے والد کو چوہدری شوگر ملز کیس کے حوالے سے نیب میں اپنی پیشی کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے نواز شریف کو آج چیئرمین سینٹ کیخلاف ہونے والی تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

اس موقع پر نواز شریف نے مریم نواز سے گفتگو میں  کہا کہ میر حاصل بزنجو ہی چئیرمین سینیٹ ہوں گے، چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اس لئے لائی گئی کیونکہ انہوں نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

نوازشریف پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، ڈالر کی اونچی پرواز کے بعد پٹرول بھی عوامی دسترس سے دور کر دیا گیا ہے،حکومت غریب عوام کا خون چوس رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس ملک میں پہلی بار ایسی حکومت آئی ہے جو ایک سال میں اتنی غیر مقبول ہوئی کہ اگر نئے الیکشن کروا دئیے جائیں تو ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی،ملک کا ہر طبقہ پی ٹی آئی حکومت سے نجات چاہتا ہے۔ ن لیگی رہنماؤں اور ورکرز پر بے بنیاد مقدمات بنائے جارہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم میرے پاس آئی وہ اس دور کے مقدمے کی بات کررہےہیں جو مجھے یاد ہی نہیں،ہم حق کی آواز بلندکرتے رہیں گے۔

مریم نواز نے اپنے والد سے ملاقات میں دواگست کو پاکپتن ،چھ اگست کو سرگودھا اور چار اگست کوخوشاب جلسے سے متعلق رہنمائی بھی لی۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ


متعلقہ خبریں