’ عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نے ایک غلط مثال قائم کی ‘


اسلام آباد: پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر نوجوانوں کے لئے ایک غلط مثال قائم کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے بہت حیرانی ہوئی جب عامر کی ریٹائرمنٹ کا سنا کیونکہ میرے خیال سے انہیں ابھی پانچ سے چھ سال تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی چاہیے تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عامر کی 27 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ لینا ایک بری خبر ہے اور انہوں نے نوجوانوں میں غلط مثال قائم کی ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل اور ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں سیلیکشن کا جو معیار رکھ دیا گیا ہے اس سے نوجوان کرکٹرز میں چار روزہ میچز میں دلچسپی کم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد مزید کرکٹرز بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم میں سیلیکٹ نہیں کیا جا رہا جبکہ وہ کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں جنہوں نے دو سال بھی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی ، سیلیکشن کمیٹی کے اس رویے سے بہت مایوسی ہوتی ہے۔

 


متعلقہ خبریں