جمہوریت کو نقصان پہنچا، ضمیر فروشی ہوئی، شہباز شریف

فوٹو: فائل


 قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کو جمہوریت کا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضمیر فروشی ہوئی ہے۔ 

پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں  شہبازشریف نے کہا کہ جادو تو چلا ہے، ضمیر فروشی ہوئی ہے۔

صحافی نے شہبا زشریف سے سوال کیا کہ کون سا جادو چلا ہے ؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ کو پتہ ہے کہ امیر ترین جو ہیں وہ حرکت میں آئے ہیں اور ضمیر فروشی ہوئی۔

شہباز شریف نےکہا کہ 14 ارکان کم ہوئے ہیں، ہمارے 64 ارکان تحریک کے حق میں کھڑے ہوئے تھے، آج جو ہوا اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ پتہ لگایا جائے مسلم لیگ ن سے کس کس نے ووٹ صادق سنجرانی کو دیا اوراپوزیشن کے 9 ووٹ چیئرمین سینیٹ کو کیسے پڑے؟

دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ افسوسناک ہوا جو بھی ہوا، ہمیں اندازہ ہے کس نے ووٹ نہیں دیے، صبح ہی پتہ چل گیا تھا کہ ہمیں کتنے ووٹ ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ایک پارٹی کے لوگوں نے گڑ بڑ کی، جو فورسز چیئرمین سینیٹ کو بچانا چاہتی تھیں وہ کامیاب ہوگئی ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی کوئی ہارے کوئی جیتے۔ کامیابی میری نہیں ںظام کی ہے،میں سمجھتا ہوں کہ اس نظام کو چلنا چاہیئے،اس نظام کی مذمت نہیں کرنی چاہیئے،ہمارے ہاں ایسا پہلی بار ہوا اس لئے بہت سے لوگوں کو لگا کہ یہاں کچھ غلط ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں