ووٹ ہار گئے،نوٹ جیت گئے ہیں،کائرہ،اپوزیشن عقل کے ناخن لے،شیخ رشید


صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمرزمان کائرہ نے چیئرمین سینیٹ صادق خان سنجرانی کے خلاف  تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر رد عمل میں کہاہے کہ ووٹ ہار گئے، نوٹ جیت گئے ہیں۔

قمرزمان کائرہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اپوزیشن ہار کر بھی جیت گئی، حکومت جیت کر بھی ہار گئی،14 ارکان کی وفاداری بدلنے کے باوجود چیئرمن سینیٹ تحریک عدم اعتماد میں اکثریت نہیں لے سکے، چیئرمن سینیٹ کے خلاف 50 ارکان نے اور ان کے حق میں 44 نے ووٹ دئے،

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آج جمہوری قوتیں کمزور اور فسطائی طاقتیں مضبوط ہوئی ہیں،آج پارلیمنٹ کے اندر سے جمہوری عمل پر وار کیا گیا ہے، آج پاکستان کی جمہوریت کیلئے شرمناک دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھونے کے بعد چیئرمن سینیٹ کے پاس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں  ہے۔ قرارداد کے حق میں تو 64 ارکان کھڑے ہوئے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کوٹری اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے دس روز قبل کہا تھا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔ آج سے اپوزیشن کی تنزلی شروع ہوگئی ہے۔ن لیگ اور پی پی کا برا وقت شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ پارٹیاں ہیں جو باپ اور اپنا مال بچاؤ تحریک چلا رہے ہیں، یہ لوگ اج کھل کر سامنے آ گئے ہیں ، یہ عمران خان کا استعفیٰ لینے نکلے تھے،عمران کا استعفیٰ کیا ملتا انہیں سنجرانی کا عدم اعتماد نہیں ملا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن عقل کے ناخن لے،ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ،ملکی سیاست کا سار اثر معیشت پر پڑ رہا ہے، اگر یہ باز نا آئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست کا وقت ختم ہو رہا ہے۔ اس وقت جو مسائل پیدا کریگا وہ جمہوریت کو کمزرور کریگا۔آج ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔فضل رحمان کو کہتا ہوں مدرسہ مدرسہ مت کھیلنا ۔ فضل الرحمان سے گذارش کرنا چاہتا ہوں اپ مدرسوں کو شامل نا کریں۔

شیخ رشید نے کہا انکے  ہوتے ہوئے ناموسِ رسالتﷺ پر کوئی آنچ نہیں آ سکتی۔

یہ بھی پڑھیے:تحریک عدم اعتماد کی ناکامی،مصطفے نواز کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا


متعلقہ خبریں