14 سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو

کمیٹی بنائیں گے جو 14 ضمیر فروش سینیٹرز کی نشاندہی کرے گی، شہباز شریف



اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جن 14 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا انہوں نے جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ایک بار پھر کٹھ پتلی کامیاب ہو گیا، اخلاقی طور پر چیئرمین سینیٹ کو مستعفیٰ ہونا چاہیے تھا۔

بلاول بھٹو نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ ہم پارلیمان اور سڑکوں پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حزب اختلاف متحد ہے اور ہم عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ہم ہار کر بھی جیت گئے لیکن حکومت کس بات پر خوشیاں منا رہی تھی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ ضمیر بیچنے والوں اور جمہوریت کمزور کرنے والوں کی نشاندہی ہو گی جنہیں ہم بے نقاب کر کے عوام کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلا رہے ہیں، ہم ضمیر فروش 14 سینیٹرز کے خلاف کمیٹی بنائیں گے جو ضمیر فروش سینیٹرز کی نشاندہی کرے گی۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحاریک ناکام

شہباز شریف نے کہا کہ سیلیکٹڈ حکومت آج ضمیر فروشی سے جیتی ہے اور عوام کی عدالت میں حکومت کو شکست ہوئی۔ جب بھی سینیٹ کا اجلاس ہو گا حزب اختلاف احتجاج کرے گی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ چھوٹے ہیں اور آپ کو نہیں معلوم کہ سیاسی جنگ کیسے لڑی جاتی ہے۔ مریم اور بلاول ابھی چھوٹے ہیں اپنے ہاتھ زخمی کر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی سیاست اور نیچے دفن ہو گئی ہے یہ اپنے ابو کو بچانے کے لیے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا چاہتے تھے لیکن یہ کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو استعمال کیا، یہ سازشوں سے حکومت کو نہیں گرا سکتے۔


متعلقہ خبریں