وفاقی حکومت عام شہریوں کی سہولت کیلئے اسلام آباد میں 19کھوکھے لگائیگی


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کی زیر صدارت انسداد تجاوزات کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی حکومت نے عام شہریوں کی سہولت کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں 19کھوکھے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ حکومت کو ایک عام آدمی کی سہولت کو یقینی بنانا چاہئے،تمام شہریوں کو ہر سطح پر سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہر کی موثر انتظامیہ کو یقینی بنائیں اور اپنے لوگوں کو سہولت دیں۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کو ایک مثالی دارالحکومت بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کھوکھے لگانے کے لئے 12 شہری اور 7 دیہی مقامات تجویز کئے۔ راول ڈیم پل کے قریب پارک روڈ پر کھوکھا لگانے کی تجویز سامنے آئی ۔ شہزاد ٹاؤن کے سامنے پارک روڈ پر اور ترامڑی چوک پر بھی  کھوکھا لگانے کی تجریز دی گئی۔

مری روڈ  پر بارہ کہو میں اور ایکسپریس ہائی وے پر  کھنہ پل  کے قریب اور چیمبر روڈ پر بھی کھوکھے لگانے کی تجویز سامنے آئی۔ کمیٹی نے شناخت شدہ علاقوں پر متفقہ طور پر اتفاق کیا۔

لوگوں کی آمد ورفت  پر غور کرتے ہوئے پولی کلینک کے قریب ایک جگہ منتخب کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ تمام کھوکھوں کا ڈیزائن یکجا رکھا جائے گا۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس اگست کے وسط میں ہو گا۔ آئندہ اجلاس میں دی گئی تجویز پر عمل درآمد کے منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا ، متعلقہ ایم این ایز اور چیئرمین سی ڈی اے نے شرکت کی۔ میٹرو کارپوریشن اسلام آباد اور وزرت داخلہ کے عہدیدار بھی اجلاس میں موجود تھے۔

وزیر داخلہ کے ساتھ  ساتھ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ہر شعبے میں علاقوں کی نشاندہی کرنے کے خیال کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیے: ’ایسےوفاقی وزیر بھی ہیں جن کے اسلام آباد میں کھوکھے ہیں‘


متعلقہ خبریں