بانی ایم کیوایم کی 22اگست کی تقریر پر سی ٹی ڈی سندھ ان ایکشن

فوٹو: فائل


کراچی: بانی ایم کیوایم کی بائیس اگست 2016 کی اشتعال انگیز تقریر پر تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)سندھ نے اس روز پریس کلب اور ٹیلی ویژن چینل میں موجود لوگوں کے بیانات قلم بند کرنے کے لئے خط لکھ دیئے۔

ذرائع کا کہناہے کہ برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس نے اس حوالے سے خط لکھا تھا۔سی ٹی ڈی سندھ صورتحال پر 22 اگست کو پریس کلب اورنجی ٹیلی ویژن چینل  میں موجود لوگوں کے بیانات قلم بند کرنا چاہتی ہے۔

برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس نے تقریر پر مزید شواہد مانگے ہیں ۔ اسی حوالے سے 21 مئی کو پاکستانی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا ۔کراؤن پراسیکیوشن سروس کے خط میں پریس کلب اور نجی ٹی وی  چینل میں موجود افراد کے بیان قلم بند کرنے کو کہا گیا تھا جو کہ لندن میں جاری اس تحقیق کے لیے اہم ہے۔

خط کراؤن پراسیکیوشن سروس کے پراسیکیوٹر مارک کیرول نے تحریر کیا تھا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ سندھ کو بیان ریکارڈ کرنے کو کہا تھا۔22اگست 2016 کو بانی ایم کیوایم کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد پارٹی کارکنوں نے میڈیاہاوس اور دیگر مقامات پر توڑ پھوڑ کی تھی ۔

یہ بھی پڑھیے: بانی ایم کیو ایم کی نفرت انگیز تقریر، برطانوی پولیس ٹیم کی اسلام آباد آمد


متعلقہ خبریں