‘سیاسی مفادات کے لیے جمہوریت کو بے توقیر کرنا افسوس ناک’



اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہونے پر میر حاصل بزنجو کے قومی ادارے پر الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

 


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معمولی سیاسی مفادات کے لیے جمہوریت کو بدنام کرنا اس کی خدمت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹرمیر حاصل بزنجو کا بیان قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کے مترادف ہے، ذاتی سیاسی مفادات کے لیے جمہوریت کو بے توقیر کرنا بھی افسوس ناک ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کی وجہ قومی ادارے کو قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تھا کہ قومی ادارے کے سربراہ کی وجہ سے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی ہے۔

گزشتہ روز حزب اختلاف کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف لائی گئی عدم اعتماد کی تحاریک ناکام ہو گئیں۔

صادق سنجرانی کو حزب اختلاف کے 9 ووٹ ملنے سے متحدہ حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی۔

مجموعی طور پر 100 اراکین نے ووٹ ڈالا اور تحریک کے حق میں 51، مخالفت میں44 ووٹ پڑے جب کہ 5 مسترد ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک کامیاب بنانے کے لیے حزب اختلاف کو 53 ووٹ درکار تھے جو پورے نہیں ہو سکے۔

 

 


متعلقہ خبریں