مکی آرتھر اور سرفراز احمد کی کارکردگی تسلی بخش قرار

مکی آرتھر اور سرفراز احمد کی قسمت کا فیصلہ آج ہو گا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی زیر صدارت کرکٹ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں دیگر عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، مکی آرتھر اور سرفراز احمد نے کرکٹ کمیٹی کو کارکردگی سے متعلق بریف کیا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ تین سال کے دوران نیک نیتی سے کام کیا اور معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی تعیناتی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی اور ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات چیئرمین احسان مانی کو پیش کرے گی جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کو آئندہ سال شیڈول ورلڈ ٹی20 تک برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ٹیسٹ اور محدود اوورز کی کرکٹ کیلئے الگ الگ کوچز رکھنے کی خبریں بھی گردش کررہی ہیں جبکہ سرفراز احمد سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت واپس لی جا سکتی ہے۔

کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مینز ٹیم کے ساتھ ویمنز، انڈر16 اور انڈر19 ٹیموں کی پچھلی 3 سالہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سےسفارشات مرتب کرکے چیئرمین بورڈ احسان مانی کو  بھیجوائی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں