پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین نے جمعہ کے روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی.

ذرائع کے مطابق ملاقات چئیرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ جہانگیر ترین نے چیئرمین سینیٹ کو ان کے خلاف متحدہ حزب اختلاف کی عدم اعتماد کی قرار داد کی ناکامی پر مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی نے عدم اعتماد کی قرارداد پر  پی ٹی آئی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ متحدہ حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی سے ثابت ہو گیا کہ سینیٹ چٔیرمین کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت ایوان بالا میں چیئرمین سینیٹ کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں کے کہا کہ حکومت اداروں کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی قرارداد کی شکست دراصل  اپوزیشن کے سیاسی فیصلوں کی شکست ہے۔

یہ بھی پڑھییے: 14 سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹرز کے اعتماد پر وہ سب کے مشکور ہیں اور وہ آئندہ بھی ایوان بالا کو غیر جانبداری سے چلائیں گے۔

گزشتہ روز متحدہ حزب اختلاف کی سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد ناکام ہوگئی تھی۔ متحدہ حزب اختلاف عدم اعتماد کی قرار داد پرمطلوبہ 54 سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تھی۔

عدم اعتماد کی قرارداد پر ناکامی کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے اراکین کی وفاداری خریدنے کا الزام لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں