عدم اعتماد کی قرارداد میں 14 سینیٹرز نے میر صادق کا کردار ادا کیا ، احسن اقبال



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ گزشتہ روز ایوان بالا میں چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں جو کچھ ہوا وہ کوئی پاکستانی نہیں کرسکتا۔کوئی بھی ادارہ ایسا کھیل نہیں کھیل سکتا  کیونکہ جو ایسا کرے گا وہ اپنے ملک کے آئین سے غداری کرے گا۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ  ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ یکم اگست ملک کا سیاہ ترین دن تھا ،کل سینیٹ میں  جو ہارس ٹریڈنگ ہوئی ایسی ہارس ٹریڈنگ یونینز الیکشن میں  بھی نہیں ہوتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ 64 ووٹ ڈبے میں جاکر 50 ہوگئے ،سوال بنتا ہے کس نے 64 ووٹوں کو 50 بنایا؟یہ حقیقت ہے کہ عدم اعتماد کی قرارداد میں 14 سینیٹرز نے میر صادق کا کردار ادا کیا ، سینیٹ انتخابات  پرتحقیق کرنے کے لیے ہم نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو ذمہ داروں کا تعین کریگی۔

مسلم  لیگ ن کے نائب صدر نے کہا کہ ضروری ہے کہ 50 لوگوں کی حرمت بچانے کے لیے 14 غداروں کو سامنے لانا ضروری ہے۔ کل پی ٹی آئی کی طرف سے ان 14 لوگوں کو این ار او دیا گیا۔ ہارس ٹریڈنگ ملک کے لیے نقصان ہےبھارتی خفیہ ایجنسی اس میں ملوث ہوسکتی ہے پر پاکستان کے ادارے نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر سینیٹ کے قوانین میں ترمیم  بھی لائیں گے۔ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ پر پابندی کیوں نہیں ہے؟ ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہےجمہوریت کے ساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے،ہم سب کو بےنقاب کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اپنی ہمشیرہ کی منی لانڈرنگ کا جواب نہیں دیتے،18 غیر ملکی اکاؤنٹس کا جواب نہیں دیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ  بدقسمتی سے پی ٹی آئی مسلم لیگ ق بن گئی ہے۔ انہوں نے معیشیت کا جہاز ڈبو دیا ہے، آنے والے دنوں میں گیس و بجلی کی قیمتیں مزید بڑھائیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کو مزید مہنگا کردیا گیاہے جو عوام پر سراسر ظلم ڈھانے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ووٹ ہار گئے،نوٹ جیت گئے ہیں،کائرہ،اپوزیشن عقل کے ناخن لے،شیخ رشید


متعلقہ خبریں