تاجروں نے فکسڈ ٹیکس اسکیم کو مسترد کردیا


لاہور: انجمن تاجران لاہور نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے جاری کردہ فکس ٹیکس اسکیم کو مسترد کردیاہے۔ انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے فکس ٹیکس اسکیم کا مسودہ پھاڑدیا اور کہا کہ فکس ٹیکس لینےکیلئے تاجروں سے مشاورت نہیں کی گئی۔ 

لاہور پریس کلب میں انجمن تاجران نعیم میر گروپ کی پریس کانفرنس میں  گروپ کے سربراہ نعیم میر نے کہا کہ وہ تاجروں سے کہنا چاہتے ہیں کے ہڑتال کی تیاری کریں کیونکہ ہم فکسڈ ٹیکس اسکیم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

نعیم میر نے کہاہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبے کے برعکس فکسڈ ٹیکس لاگو کیا ہے۔ فکسڈ ٹیکس کا اجراء تاجروں کے ساتھ مذاق ہے۔ رقبے کے اعتبار سے ٹیکس لیا جارہا ہے جس کے ہم خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رقبے کے اعتبار سے جن شرائط پر فکسڈ ٹیکس کا نظام  جاری کیا ہے وہ بہت مشکل ہے۔ یہ ٹیکس اسکیم چھوٹے دکانداروں کے لیے بنائی گئی ہے۔ فکسڈ ٹیکس کی اس سکیم میں ابہام موجود ہیں۔

نعیم میر نے کہا کہ یہ فکسڈ ٹیکس سکیم ہماری سمجھ سے بالاتر ہے پتہ نہیں یہ کس بنائی ہے ؟ فکسڈ ٹیکس اسکیم کے ذریعے حکومت  چھوٹے تاجروں کو مختلف حیلوں اور بہانوں سے پھنسانے کی کوشش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر کی طرف سے تاجروں کے لیے بزنس لائسنس کے حصول کے لیے بھی مسودہ جاری کردیا گیا۔ چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کا مسودہ اوردکانداروں کے لیے سادہ اور آسان ریٹرن فارم  بھی جاری کردیا گیا ۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری بیان  کے مطابق تاجروں کو 2019 کے ٹیکس ریٹرنز مجوزہ اسکیم کے تحت جمع کرانا ہوں گے ۔ یہ اسکیم 5 کروڑ سالانہ ٹرن اوور والے تاجروں کے لیے ہوگی ۔

5 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے تاجر اسکیم کے اہل ہوں گے ۔ 10 کروڑ روپے کے اثاثہ جات رکھنے والے تاجربھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ اسکیم کے تحت تاجروں کو سالانہ 10 فیصد اضافی آمدن ظاہر کرنا ہوگی ۔ اسکیم کے تحت تاجر گزشتہ پانچ سال کے ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکتے ہیں ۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے مطابق تمام تاجروں کو 30 ستمبر 2019 تک اپنے ریٹرن جمع کراناہوں گے ۔ اسکیم کے تحت تاجروں کو ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بننا پڑے گا۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کے گئے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کےمسودہ کے مطابق 300 مربع فٹ کی دکان میں کاروبار کرنے والا چھوٹا دکاندار تصور ہوگا۔ چھوٹے دکانداروں پر 2 فیصد ٹرن اوور ٹیکس لاگو ہوگا۔ چھوٹے دکانداروں کو فکسڈ ٹیکس کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہناہے کہ چھوٹے دکاندار 2019 میں 20 ہزار , 25 ہزار , 35 ہزار اور 40 ہزار کا فکسڈ ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔ چھوٹے دکاندار 2020 میں  25 ہزار , 35 ہزار , 40 ہزار اور 50 ہزار کا فکسڈ ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔ چھوٹے دکاندار 30 ستمبر 2019 تک اپنے ریٹرن بھی جمع کراسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: خریدار غیر رجسٹرڈ سپلائر کو شناختی کارڈ دینے کا پابند نہیں، چیئرمین ایف بی آر


متعلقہ خبریں