وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات ہوئی ہے۔  وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے انکے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ 

ملاقات میں قائد ایوان برائے ایوان بالا سید شبلی فراز ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر بیرسٹر محمد علی خان سیف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  نے چیئرمین سینٹ کو ایوان کادوبارہ  اعتماد حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔

وزیر اعظم نے امید ظاہر کی سینیٹ کی کاروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ اپنی ذمہ داریاں اسی احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے جن کا وہ مظاہرہ پہلے کرتے رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ سے گفتگو میں کہا کہ ’’آپ کی قیادت پر سینیٹ اراکین کا بھرپور اعتماد ممبران کی جانب سے آپ کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلائے جانے کی تصدیق ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کواپوزیشن کے 9 ووٹ ملنے سے متحدہ حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی۔

ایوان بالا میں مجموعی طور پر 104 ارکان ہیں جن میں سے اسحاق ڈار نے حلف نہیں اٹھایا تو آج 103 ممبران نے ووٹنگ میں حصہ لینا تھا۔

جماعت اسلامی کے دو ممبران سراج الحق اور مشتاق احمد نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا جب کہ ن لیگ کے چوہدری تنویر بھی غیر حاضر رہے۔

مجموعی طور پر 100 اراکین نے ووٹ ڈالا اور تحریک کے حق میں 51، مخالفت میں44 ووٹ پڑے جب کہ 5 مسترد ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک کامیاب بنانے کے لیے حزب اختلاف کو 53 ووٹ درکار تھے جو پورے نہیں ہو سکے۔

ایوان بالا میں حکومت اور اتحادی اراکین کی تعداد 36 تھی جس سے بظاہر لگ رہا تھا کہ تحریک کامیاب ہوجائے گی لیکن اپوزیشن کے 9 اراکین نے بھی صادق سنجرانی کے حق میں ووٹ ڈالا۔

یہ بھی پڑھیے: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحاریک ناکام


متعلقہ خبریں