اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران

نئے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے اورزمینی حقائق کے مطابق اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ 

انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطحع کے  اجلاس میں کی ہے۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں ماضی میں ہونے والی بے ربط تعمیرات اور بغیر کسی جامع منصوبہ بندی کے ہونے والے پھیلاؤ اور نتیجتاً عوام الناس کو در پیش مشکلات بشمول ماحولیاتی و انتظامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی آبادی میں مسلسل اضافے اور شہر کے پھیلاؤ اور انتظام کے حوالے سے متعلقہ مسائل کے حل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔ جسکا نتیجہ تعمیرات میں بے ہنگم اضافہ اور گرین ایریاز کی تلفی کی صورت میں نکلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین ایریاز میں کمی کے باعث ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کا بڑا مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے ہدایت کی کہ آبادی میں اضافے اورزمینی حقائق کے مطابق جہاں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے اورمرتب کرنے کی ضرورت ہے وہاں عبوری عرصے کے لیے گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات اور تعمیرات کے حوالے سے ذیلی قوانین کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت اسلام آباد میں واقع کچی آبادیوں کے مکینوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے پر کام جاری ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو جدید شہری سہولتیں میسر آسکیں اور ان کا معیار زندگی بلند ہو۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء  خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں شروع کی جانے والی شجر کاری مہم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں معاون خصوصی ذوالفقارعباس بخاری، ممبر قومی اسمبلی اسد عمر، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی اور تعمیرات، ٹاؤن پلاننگ، ماحولیات، قانون و دیگر متعلقہ شعبوں سے منسلک معروف ماہرین شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: وفاقی حکومت عام شہریوں کی سہولت کیلئے اسلام آباد میں 19کھوکھے لگائیگی


متعلقہ خبریں