تحریک عدم اعتماد کی ناکامی، پیپلز پارٹی نے حقائق کی کھوج کیلئے کمیٹی بنادی

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ایران میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جاری رکھنے کا اعلان نہیں کیا۔ 

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کی ناکامی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے دغا کرنے والے ارکان کا سراغ لگانے کا فیصلہ کرلیاہے۔بلاول بھٹوزرداری نے اس حوالے سے حقائق کی کھوج کے لیے (فیکٹ فائنڈنگ) کمیٹی بنادی ہے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ پیپلز پارٹی نے معاملے کی چھان بین کے لئے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی تھی ۔ اس تجویز کے بعد بلاول بھٹو نے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں یوسف رضا گیلانی ، فرحت اللہ بابر،نیر بخاری، سعید غنی اور صابر بلوچ کو شامل کیا گیاہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی جلد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

اس سے قبل ترجمان چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  مصطفے نواز کھوکھر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاتھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے،فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کردیا جائیگا۔

مصطفے نواز کھوکھر نے کہا کہ کمیٹی میں چاروں صوبوں سے پارٹی کے رہنماء شامل ہوں گے، پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جس کے تمام ارکان نے استعفے جمع کرا رکھے ہیں،تمام ارکان کی جانب سے استعفے جمع کرانا ایک اہم فیصلہ ہے۔

واضح رے کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے  اجلاس میں گزشتہ روز جمع کرائے۔

پارٹی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نےاپنے استعفے پارٹی چئیرمین کے پاس جمع کروا دیے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سیینیٹرز نے کہا  کہ وہ پارٹی کے وفادار ہیں، پارٹی چیئرمین جب چاہیں انکے استعفےسینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائیں۔

اس سے قبل سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست پر پیپلزپارٹی کے  سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر دلبرداشتہ ہو گئے، انہوں نے سینیٹر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں سینیٹر مصطفے نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک اعتماد میں اپوزیشن کی طرف سے 14ووٹوں کا کم ہونا افسوسناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 14ساتھیوں نے انتہائی افسوسناک کردا ادا کیا ہے ۔ ان حالات میں سینیٹ میں رہنا کم از کم میرے لئے مناسب نہیں ہے۔ سینیٹرشپ پارٹی کی امانت ہے میں اپنا استعفی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردوں گا۔

یہ بھی پڑھیے: تحریک عدم اعتماد کی ناکامی،مصطفے نواز کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

14 سینیٹرز نے جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو


متعلقہ خبریں