مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو کی ایک اور بڑی کامیابی

ذوالفقار مرزا کے بیٹے کیخلاف نیب ریفرنس کی منظوری

فائل فوٹو


اسلام آباد:مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب )کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے۔ غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ٹھیکے لینے والی کمپنی کے مالک نے اعتراف جرم کرتے ہوئے رقم واپس کر دی ہے۔ 

قومی احتساب بیورو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہریش  نامی ملزم نے دو کروڑ تین لاکھ 52 ہزار ادا کرکے پلی بارگین کر لیاہے۔ ہریش  نامی کمپنی کے مالک غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد ہیں۔

اسی ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید ، مناہل مجید اور سابق سیکرٹری سندھ اعجاز خان ملزم نامزد ہیں۔ ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کو بھی ملزم نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایک ماہ کے دوران کرپشن میں ملوث 25 ملزمان سے پلی بارگین کر کے تین ارب روپے نکلوائے ہیں۔

نیب راولپنڈی نے 30 دنوں کے دوران  2.12 ارب  ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب بلوچستان نے بدعنوان عناصر سے 75 لاکھ کے لگ بھگ رقم وصول کر کے حکومت بلوچستان کے حوالے کی۔

خیال رہے کہ 30 جولائی کواحتساب عدالت کے ا یڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کے نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن فنڈز میں خورد برد کیس میں گرفتار آصف محمود اور عارف علی کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں‘

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دونوں ملزمان 2.12 ارب روپے دینے کے لیے تیار ہیں‘ دونوں ملزمان کاروبار میں برابر کے پارٹنر ہیں‘ ملزمان آصف محمود اور عارف علی نے سندھ حکومت کے افسران سے مل کر بڈنگ کے ذریعے کرپشن کی۔

جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے پیسے دینے کے لئے ملزمان تیار ہیں؟ کیا آپ اپنے خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں؟ ملزمان کی طرف سے جواب دیا گیا کہ وہ جی خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نوازشریف اور آصف علی زرداری کو بھی پلی بارگین کی آفر کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتی ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان لوگوں نے جتنا پیسہ لوٹا ہے واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں۔


متعلقہ خبریں