پنجاب میں 111 اسپتال صحت انصاف کارڈ کے تحت پینل پر ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد



فیصل آباد: پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ پنجاب میں 111 اسپتال صحت انصاف کارڈ کے تحت پینل پر ہیں۔ صحت کارڈ کے تحت سالانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک ایک خاندان کو طبی سہولیات میسر ہوں گی۔ 277 ارب روپے اس گورنمنٹ نے صحت کیلئے مختص کئے ہیں۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے فیصل آباد میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  صوبے کے13 بڑے اسپتالوں کی ایمرجینسیز کی توسیع جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں عمارتیں اور سڑکیں بناتی رہیں، ہماری حکومت میں سب مشکلات کے باوجود صحت پر توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ قوم صحت مند ہو گی توملک خود بخود ترقی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ 11 ہزار اور88 ہزار خاندانوں کو چنیوٹ میں یہ کارڈز تقسیم ہوں گے۔ کارڈ ہولڈر پینل پر موجود اسپتالوں میں کسی بھی شہر سے استفادہ کر سکتا ہے۔ صحت کارڈ کے تحت پنجاب میں 8 ہزار بیڈز کا اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور ملتان میں گزشتہ حکومت نے کارڈ دیئے مگر لوگوں کو سہولت ملی نہیں۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اب تک 40 ہزار سے زائد افراد کارڈز کی سہولت سے استفادہ کر چکے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کارڈز کے ساتھ پینل پر موجود اسپتالوں کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی۔ غریب آدمی کو بھی امیر جیسے علاج کی سہولت میسر ہو گی۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار بھی صحت انصاف کارڈز تقسیم  کرنے سے متعلق تقریب میں شریک ہوئے ۔

صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین ،حافظ ممتاز صوبائی وزیر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹیکس،صوبائی وزیر اجمل چیمہ، ایم این ایز اور ایم پی ایز شریک ہوئے۔ سیکرٹری ہیلتھ مومن آغا،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب کےسرکاری اسپتالوں میں300 سے زائد مشینیں خراب ہونے کا انکشاف


متعلقہ خبریں