ذی الحج کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عید قرباں 12اگست کو ہوگی


کراچی: ذی الحج کا چاند نظر آگیاہے ،ملک بھر میں عید قرباں 12اگست بروز پیر کو ہوگی۔

چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا،اجلاس میں چیف میٹرولوجسٹ ،علما اور ماہر فلکیات شریک ہوئے۔

مفتی منیب الرحمان نے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ نوابشاہ، چھور، لاہور، سیالکوٹ، لودھراں، فیصل آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر مقامات سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات  نے بتایا تھاکہ  ذی الحج کا چاند آج 2 اگست کو دیکھائی دینے کے قوی امکانات ہیں، یکم ذی الحج 3 اگست کو ہوگی ۔ مسلمان حج کا رکن اعظم 10 اگست کو ادا کرینگے اورپاکستان میں عید الضحی 12 اگست بروز پیر ہو گی۔

محکمہ موسمیات  کا کہناہے کہ  چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہے ۔غروب آفتاب کا وقت 7 بج کے 17 منٹ ہوگا ۔ جبکہ 7 بج کے 41 منٹ تک چاند دیکھا جاسکے گا۔  ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود رہے گا ۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کے لیے رویت ہلال کی نئی پیش گوئی کی تھی جس کے بعد وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ساتھ چاند کی تاریخ کا تنازعہ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

اپنے اعلامیے میں محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ذی الحج کا چاند 2 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے اور نتیجتاً پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست بروز پیر ہونا یقینی ہے۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری کی جانب سے کئی ہفتے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان میں عید الضحیٰ 12 اگست بروز پیر کو ہو گی جبکہ کچھ روز قبل محکمہ موسمیات نے ذی الحج کا چاند 3 اگست کو اور عید الضحیٰ 13 اگست بروز منگل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش عالمی معیاری وقت کے مطابق یکم اگست بروز جمعرات جی ایم ٹی/یو ٹی 3 بجکر 11 منٹ پر اور پاکستانی معیاری وقت کے مطابق جمعرات یکم اگست کی صبح 8 بجکر 11 منٹ پر ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان سمیت اکثر آباد دنیا میں کھلی آنکھ سے چاند نظر آنے کا امکان 2 اگست بروز جمعہ کو ہے، اس سے رویت ہلال ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیے: عیدالاضحیٰ کا چاند: محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی سامنے آ گئی


متعلقہ خبریں