ٹک ٹاک کی بندش کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ٹک ٹاک

فائل فوٹو


لاہور: ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک کی بندش کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایپ پر پابندی عائد کرانے کی درخواست ایڈوکیٹ ندیم سرور نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بیوی کو ٹک ٹاک پر ’گمشدہ‘ شوہر مل گیا

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹک ٹاک موبائل ایپ نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے اور اس سے وقت اور پیسےکا ضیاع ہوتا ہے جبکہ فحاشی عام ہو رہی ہے۔

اپنی درخواست میں ایڈوکیٹ ندیم سرور نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کرے۔

درخواست گزار نے درخواست کی کہ عدالت نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت کو  پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے کا حکم دے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالت پیمرا کو ٹک ٹاک ویڈیو نشر کرنے سے روکے اور کیس کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دے۔


متعلقہ خبریں