چیئرمین سینیٹ کا کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کشمیر کی صورتحال پر فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وادی نیلم میں بھارت افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور سولین آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مزمت کی ہے۔

صادق سنجرانی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بین الااقوامی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور کلسٹر بموں کے استعمال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ریاستی دہشت گردی فوری بند کرنی چاہیے۔  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میی اس صورتحال پر بحث ہونی چاہئے

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا صدر مملکت سے درخواست ہے کہ کشمیر کی صورتحال پرپارلیمنٹ کا فوری طور پر مشترکہ اجلاس بلا یاجائے۔ پوری قوم اور پارلیمان کا مشترکہ موقف عالمی برادری کے سامنے جانا چاہئے۔

صادق خان سنجرانی نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پورحمایت کرتی ہے۔ قوم ملک کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا بھارت کی جانب سے کلسٹر ایمیونیشن استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

شہباز شریف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت فی الفور پارلیمنٹ کا ان کیمرہ سیشن بلائے اور اس سنگین صورتحال پر اعتماد میں لے۔ نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہےمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنا جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کو دعوت دینے کی حماقت ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی آبادی میں تبدیلی خطرناک سازش ہے۔ ہر کشمیری اور پاکستانی اس سازش کو مسترد کرتا ہے۔ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمان کو اعتماد میں لے اور اس معاملے پر قومی حکمت عملی مرتب کی جائے اور معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے۔ نریندر مودی گجرات کا قصاب بننے کے بعد اب کشمیر کا قصاب بن گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا اقوام متحدہ عالمی قانون اور اپنی قراردادوں کے تحت اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور اپنی قراردادوں کی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی نہ رکوائی گئی تو اقوام متحدہ کا جواز ختم ہو کر رہ جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ بھارتی شیلنگ سے معصوم بچوں خواتین اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان پورا پاکستان فوج کا سپاہی ہے اور اپنی افواج کے شانہ بہ شانہ ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کے ردعمل میں ٹویٹر پیغام جاری کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر میں کلسٹر بموں کا استعمال بھارت کی اشتعال پھیلانے کی کوشش ہے،بھارت مسلسل کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے عالمی معاہدوں کی دھجیاں اڑارہا ہے،دنیا بھارت کی انسانی حقوق کی جانب سے ان خلاف ورزیوں کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا اگر امن کی خواہاں ہے تو اسے بھارت سے متعلق اپنے اس رویے کو بدلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کےحالات بھارت کے ہاتھ سےنکل چکےہیں، شاہ محمود قریشی


متعلقہ خبریں