بلوچستان: مچھ کے علاقے میں تخریب کاری کا ایک اور منصوبہ ناکام


کوئٹہ : ریلوے پولیس نے مچھ کے علاقے میں تخریب کاری کا ایک اور منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدارمیں دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیاہے۔ تخریب کارجعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جسے محفوظ بنا کر راولپنڈی روانہ کر دیاگیاہے۔ 

مچھ کے قریب نامعلوم افراد نے راکٹس اور دوسرا  دھماکہ خیز مواد  ریل کی پٹڑی پر نصب کیا تھا جس کامقصد اس مواد کو ایک ایسے وقت میں دھماکے سے اڑانا جب جمعہ کی صبع وہاں سے کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے جعفر ایکسپریس گزرنے والی تھی۔

کوئٹہ میں ڈی ایس ریلوے آصف مغل نے ہم نیوز کو بتا یا کہ جمعہ کی صبع ریلوے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مچھ کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کیاہے جس پراطلاع ملتے ہی فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکورڈ علاقے میں پہنچ گیا اور دھماکہ خیز مواد کوناکارہ بنادیا گیا۔

ریلوے پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ  کنٹرول کے ساتھ جوڑا گیا تھا ۔ تخریب کار ٹرین گزرتے وقت اس خطرناک دھماکہ خیز مواد کے  اڑاناچاہتے تھے۔

ڈی  ایس ریلوے نے بتایا کہ اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نےسات راکٹ بھی ناکارا بنائے ہیں جو دھماکہ خیز  مواد کے ساتھ تخریب کاروں نے ریلوے ٹریک کے نیچے نصب کیے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بعد میں ریلوے ٹریک کو ٹریفک کے لیے کھول دیاگیا جس کے باعث کوئٹہ اور اندرون ملک ٹرینوں کی آمدورفت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔

یاد رہے کہ رواں سال 17مارچ کو بلوچستان کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے چار افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔

دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔ ریلوے حکام بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔ سیکیورٹی فورسسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا اور تخریب کاروں کی تلاش شروع کردی گئی تھی مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

وزیرریلوے شیخ رشید نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا تھا۔ وزیرریلوے نے دھماکے کو دہشت گردوں کا انتہائی بزدلانہ اقدام قرار دیا  تھا۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، 4 افراد جاں بحق


متعلقہ خبریں