’ سندھ بنک کے خلاف میڈیا اورتحقیقاتی اداروں کی جانب سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا‘


کراچی : مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہاہے کہ  پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے میڈیکل یونیورسٹیز کے داخلہ ٹیسٹ اسلام آباد میں بیٹھ کر لینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 

کابینہ اجلاس کے بعد وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ایم ڈی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صوبوں کی میڈیکل یونیوسٹیز کے داخلہ ٹیسٹ اسلام آباد میں بیٹھ کر لیں گے۔ سندھ کابینہ نے پی ایم ڈی سی کے اس  اقدام کی مذمت کی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت اور تعلیم صوبوں کا اختیار ہے۔ صوبوں کے اختیار پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائیگی۔

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے بارشوں میں یوٹیلیٹی کمپنیز کی غفلت اور اس کے باعث ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ کابینہ اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل سندھ کا استعفی بھی منظور کرلیا گیااور فیاض شاہ کو نیا پی جی مقرر کردیا گیا ہے۔

مرتضی وہاب نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آگاہ کیا کہ سندھ بنک مکمل طور پر سندھ حکومت کی ملکیت ہے،2011 میں سندھ بنک قائم کیا گیا اور ہر شہر میں اس کی برانچز قائم کردی گئیں۔ سندھ بنک کے خلاف میڈیا اورتحقیقاتی اداروں کی جانب سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ بنک کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سندھ بنک کو سندھ لیزنگ کے ساتھ ملا دیا جائے گا۔

مشیر اطلاعات سندھ کے مطابق تھر کول پاور پراجیکٹ سے اسلام کوٹ کے رہائشیوں کو100یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: بلاول بھٹو نے تھر کول پراجیکٹ کے 660میگاواٹ پاور پلانٹس کا افتتاح کردیا


متعلقہ خبریں