تحریک انصاف کراچی کو صاف کرنے کے لئے میدان میں آگئی


کراچی:تحریک انصاف کراچی کو صاف کرنے کے لئے میدان میں آگئی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور  علی زیدی نے کہاہے کہ برسوں سے شہر کے نالے صاف نہيں ہوئے۔ پی ٹی آئی شہر کو صاف کر کے دکھائے گی۔

کراچی آمد پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ سندھ حکومت اور مئیر کراچی کے تعاون پر شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ’’آؤ کراچي  کو صاف کريں ‘‘مہم کا باقاعدہ آغاز کل سے کياجائےگا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے بڑےمشن کی ٹھان لی اور کراچی آمد کے ساتھ ہی  پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔

علی زیدی کا کراچی کے صنعکاروں سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔کے پی ٹی ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی ميں برسوں سےصفائي کا کام نہيں ہوا۔سب مل کر شہر کو پندرہ دن میں صاف کریں گے۔ ایف ڈبلیو او مہم کی نگرانی کرے گا۔

علی زیدی نے  کہا کہ مہم کے لئے بہت سے معاملات طے کرلئے ہیں۔میئر کراچی وسیم اختر میں بھی مہم میں ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدپر بارشوں کا دوبارہ امکان ہے۔ اگلے دس روز میں نالے صاف کرنے کا ہدف رکھا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعید غنی کا بیان اور ٹوئٹ دیکھا کہ انہوں نے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ میں صبح سے کے پی ٹی میں بیٹھا ہوں ابھی تک کوئی رابط نہیں کیا گیا۔

کراچی کی صفائی مہم کے حوالے سے شوبز ستارے بھی وفاقی وزیر کے مشن میں ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ معروف مزاح نگار انور مقصود اور اداکارہ سیمی راحیل نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس حوالے سے پیغامات جاری کیے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر اور اداکار و میزبان فخرِ عالم نے بھی  ’’آؤ کراچی کوصاف کریں ‘‘مہم کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی کو صاف کرنے کی مہم میں لوگ مالی اور رضاکارانہ خدمات کے ذریعے بھرپور مدد کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شہر میں بارش: مئیر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے مدد طلب کر لی


متعلقہ خبریں