مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات پر رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا

ذاتی عناد پر حکومت نے میرے ساتھ مودی اور بھارتی جھنڈے کی تصاویر  لگائیں، ایاز صادق

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیاہے۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے اس ضمن میں جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی کو ہدایات جاری کی ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ پارٹی قیادت نے رہنماؤں کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بیان بازی سے روک دیا ہے۔ کوئی رہنما سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کوئی الزام تراشی نہ کرے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کی تحقیقات کے نتائج آنے تک معاملے میں کوئی رائے زنی نہ کی جائے۔ تمام جماعتیں اے پی سی میں اپنا نقطہ نظر اور سفارشات پیش کریں گی جس کی روشنی میں حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں سینیٹرز راجہ ظفر الحق، پرویز رشید، ڈاکٹر اصف کرمانی، جاوید عباسی، مصدق ملک، مشاہد حسین سید اور مشاہد اللہ خان شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف نے چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر اراکین سے تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحاریک ناکام

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک کو ناکام بنایا، اس حوالے سے حزب اختلاف کی تمام جماعتیں مل کر لائحہ تیار کریں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کے کچھ سینیٹرز نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ اور اپنا وقار تباہ کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اور کارروائی ہوگی۔

مسلم لیگ نواز کے صدر نے کہا کہ کل اجلاس میں ’ہارس ٹریڈنگ‘ جیت گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے صرف حزب اختلاف کا نقصان نہیں ہوا بلکہ جمہوریت کے وقار کو ایک بار پھر مجروح کیا گیا۔

شہباز شریف نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات تلاش کیا جائیں گی اور ضمیر فروشوں کو تہہ سے نکال لائیں گے۔


متعلقہ خبریں