وادیٔ نیلم میں بھارت نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا، ڈاکٹر فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وادی نیلم میں بھارت نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا۔ معصوم بچوں ،خواتین پر کلسٹر بموں سے حملے کرکے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ 

انہوں نے یہ بات آج اپنے ایک خصوصی وڈیو پیغام میں کہی ہے جو وزارت اطلاعات ونشریات نے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نے یہ ثابت کردیا کہ وہ امن کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا۔

انہوں نے کہاکہ انتہاپسند جماعت ’’آر ایس ایس‘‘بھارت میں اقلیتوں پر زمین تنگ کیے ہوئے ہے۔ بھارت کلسٹر بموں کے ذریعے تحریک کشمیر کو نہیں کچل سکتا۔ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ خطے میں امن مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں میڈیا اور انسانی حقوق تنظیموں کو نہیں جانے دے رہا۔ بھارت کشمیری عوام کے دلوں میں اپنا مقدمہ ہار چکا ہے۔ وزیراعظم کا صدر ٹرمپ کو ثالثی پر آمادہ کرنا کشمیریوں کے بیانیے کی جیت ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانا موجودہ حکومت کا عزم ہے۔ کشمیریوں کے زخم پرانشاء اللہ مرہم رکھیں گے۔ پاکستانی قوم کا کشمیر پر دو ٹوک موقف ہے، جس کی ترجمانی وزیراعظم بھی کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کا وادی نیلم پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف


متعلقہ خبریں