سندھ کا قائم مقام گورنر کون ہو گا ؟

سندھ کا قائم مقام گورنر کون ہو گا ؟

فوٹو: فائل


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی عدم موجودگی میں اسپیکر سندھ اسمبلی قائم مقام گورنر سندھ ہوتا ہے تاہم آغا سراج درانی نیب کی تحویل میں ہیں ،اس لیے سوال پیدا ہوگیاہے کہ قائمقام گورنر کون ہوگا؟ 

گورنر سندھ عمران اسماعیل 6 اگست کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے اور گورنر سندھ کی رخصت کے باعث آئین کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی گورنر سندھ بن جاتے ہیں۔

اسپیکر سندھ اسبلی آغا سراج درانی گورنر بن جائیں گے لیکن وہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو اگر گورنر سندھ بنایا جائے گا تو گورنر ہاؤس کو 10 روز کے لیے سب جیل قرار دینا پڑے گا تاہم اس تمام صورتحال سے وزیر اعظم ہاؤس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت:سندھ ہائیکورٹ نے دلائل طلب کرلیے

واضح رہے کہ آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں 20 فروری کو نیب کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کو دارالحکومت کے ریڈ زون کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔ نیب راولپنڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے نیب کراچی کی ٹیم کی معاونت کی تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بے نامی وزیر اعظم کو بے وردی آمریت مسلط نہیں کرنے دیں گے، ایک وفاقی وحدت کے اسپیکر پر حملہ قابل قبول نہیں، سندھ حکومت کو گرانے کیلئے یہ غیرجمہوری حملہ ہے۔


متعلقہ خبریں