بلاول بھٹو نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی راہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا

ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہانہیں چھوڑ سکتے،بلاول

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی راہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا ہے۔ 

بلاول بھٹوزرداری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہےکہ پی پی راہنما سینیٹ انتخابات کے حوالے سے الزام تراشیوں سے گریز کریں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ جب تک پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ نہ آجائے، کوئی بیان بازی نہیں کرے گا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان پیپلزپارٹی اپنے تحفظات سے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کرے گی،اے پی سی میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق خواجہ آصف کا بیان اپوزیشن کا اتحاد پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔

شیری رحمان نے کہاہے کہ انہیں خواجہ آصف کے بیان سے ذاتی طور پر کافی افسوس ہوا،مسلم لیگ نون کو چاہئیے کہ وہ خواجہ آصف کے بیان کی وضاحت کرے،خواجہ آصف تو خود ملک سے باہر تھے، انہیں کیا علم کہ سینیٹ میں کیا ہوا؟

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے سوال اٹھایاہے کہ کیا خواجہ آصف بتائیں گے کہ سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے انہوں نے کتنا کام کیا۔

شیری رحمان نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کو بھی بعض اپوزیشن جماعتوں سے کافی تحفظات ہیں مگر ہم نے اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے اظہار نہیں کیا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیاہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے اس ضمن میں جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی کو ہدایات جاری کی ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ پارٹی قیادت نے رہنماؤں کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بیان بازی سے روک دیا ہے۔ کوئی رہنما سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کوئی الزام تراشی نہ کرے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کی تحقیقات کے نتائج آنے تک معاملے میں کوئی رائے زنی نہ کی جائے۔ تمام جماعتیں اے پی سی میں اپنا نقطہ نظر اور سفارشات پیش کریں گی جس کی روشنی میں حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات پر رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا

یہ بھی پڑھیے: ’سینیٹ انتخابات پرخواجہ آصف کا بیان اپوزیشن اتحاد پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے‘


متعلقہ خبریں