پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، وزیر اعظم



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیاں اور کلسٹر بموں کے استعمال کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف، ایئر چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے علاوہ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں قومی سلامتی کے امور سمیت مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم پاکستان ہمیشہ کمشیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہو گا اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا قوم کی مدد سے بھرپور جواب دیں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

کمیٹی نے بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال اور دہشتگردانہ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر کلسٹر بموں کا استعمال پاکستان کو اشتعال دلانے کی سازش ہے اور بھارتی کوششیں خطے اور ایل او سی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

کمیٹی نے کہا کہ پاکستان افغان امن کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے لیکن ایسے وقت میں بھارتی جارحیت قابل افسوس ہے تاہم پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے ، رواں ہفتوں میں 38 ہزار نیم بھارتی فوجی دستوں کی تعیناتی مقبوضہ کشمیر میں خوف کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے سیاحوں، یاتریوں اور طلباء کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنے کا حکم دیا ہے، مقامی آبادی خوراک ذخیرہ کرے ایسے اعلانات مزید شکوک پیدا کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان پر بھارتی فوج کی فائرنگ کا الزام پروپیگنڈا ہے، آئی ایس پی آر

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جغرافیہ کی تبدیلی کے خدشات بہت بڑھ چکے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی یا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا پرزور مخالف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر تنازعہ کی بین الاقوامی حیثیت تبدیل کرنے کی ہرکوشش کے بھی مخالف ہیں، ایسا کوئی بھی اقدام اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی سنگین خلاف ورزی ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی کی جانب سے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا جس کے نتیجے میں چار سالہ بچے سمیت دو افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ہدف بنایا۔

بھارتی فوج ایل او سی پر کلسٹر ایمونیشن کے ذریعے شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ایسا کرنا جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


متعلقہ خبریں