کشمیریوں کو حق خودارادیت کی اجازت ہونی چاہیے، عمران خان

مسئلہ کشمیر پر ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے آسکتی ہیں، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی اجازت ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلسٹر بموں کا استعمال کیا۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ امن اور سیکیورٹی کو لاحق بین الاقوامی خطرات کا نوٹس لے۔ بھارت نے کنوینشنل ہتھیاروں سے متعلق 1983 کے معاہدے کے اپنے ہی وعدے کی خلاف ورزی کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں