ایران نے ایک اور غیر ملکی ٹینکر قبضے میں لے لیا


ایران کے انقلابی گارڈز فورس نے خلیجِ فارس سے عرب ریاستوں کو تیل اسمگل کرنے والے غیرملکی آئل ٹینکر کو عملے سمیت اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ایرانی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آئل ٹینکر میں 7 لاکھ لیٹر سے زائد تیل موجود تھا جبکہ اس پر سات مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے عملے کو بھی اپنی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر سمندری قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایران نے برطانوی ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

برطانیہ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر خلیج فارس میں روکے جانے والے آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا گیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ آئل ٹینکر کو چار کشتیوں اور ایک ہیلی کاپٹر نے گھیرے میں لے لیا ہے۔


متعلقہ خبریں