تاریخ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں وسیم اکرم کی شاندار کارکردگی


ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے پہلا میچ 2003 میں انگلش کاؤنٹی کرکٹ کی دو ٹیمیں ہیمپشائر اور سسیکس کے مابین کھیلا گیا تھا ۔

اس میچ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ اس میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ہیمپشائر اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد سیسیکس کی نمائندگی کی تھی۔

نئے طرز کے کرکٹ میچ میں سسیکس نے ٹاس جیت کر ہیمپشائر کو بلے بازی کی دعوت دی۔

سلامی بلے باز ہمبلین اور کین وے نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے مابین 66 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

ہیمپشائر نے مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز بنائے، سیسیکس کی جانب سے ڈیویس نے تین ، لیوری نے دو جبکہ مشتاق احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سیسیکس کی ٹیم کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باولر وسیم اکرم نے میٹ پرائر کو 15 کے اسکور پر کلین بولڈ کر دیا۔

ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد سیسیکس کی ٹیم سنبھل گئی اور بیچ کے اوورز میں ان کے بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے کھیل کو مزید دلچسپ بنا دیا تاہم وہ مطلوبہ ہدف عبور کرنے میں ناکام رہے۔

اس طرح ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے پہلے میچ میں ہیمپشائر نے سیسیکس کو پانچ رنز سے شکست دی۔

وسیم اکرم نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 22 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں