قربانی: لاہور کی مویشی منڈی میں ٹائیگر نامی بیل کی دھوم


لاہور کی مویشی منڈی میں ٹائیگر نامی بیل نے دھوم مچا دی ہے ۔ سولہ من وزنی ٹائیگر کی منفرد کھال اور چال ڈھال نے سب کو اپنا گرویدہ بنالیاہے۔

لاہور کے علاقے سگیاں میں سجی مویشی منڈی میں ویسے تو طرح طرح کے قربانی کے جانورلائے گئے ہیں مگرٹائیگرنامی بیل کا مقابل کم از کم اس منڈی میں دکھائی نہیں دیتا۔

ٹائیگر کی چال ڈھال نرالی اور منفرد رنگت اس  بیل کی خوبصورتی کو چار چاند لگارہی ہے، ناز نخروں سے پلنے والے بیل کا وزن سولہ من اور قیمت تیرہ لاکھ روپے ہے۔

شہری نہ صرف اس منفرد بیل کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں بلکہ اسکی تعریقیں کرتے بھی نہیں تھکتے ۔ شہریار علی نامی شہری نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ٹائیگر بیل  چیتے جیسا لگ رہا ہے قیمت کافی زیادہ ہے میں تو کچھ کم قیمت کا دیکھ رہا ہوں مگر جو بھی اس بیل کو خرید کر جائیگا وہ قسمت والا ہوگا۔

ٹائیگر نامی بیل کے مالک کا دعوی ہے کہ خاص  نسل  کا یہ جانور لاہور کے علاوہ صرف کراچی کی چند مویشی منڈیوں میں موجود ہے۔

کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں ٹائیگر اور اس جیسے مہنگے جانور صاحب استطاعت کے من کو بھا جائیں تو سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں زرا دیر نہیں لگتی۔

یہ بھی پڑھیے: اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی


متعلقہ خبریں