اسلامی تعاون تنظیم کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش

او آئی سی کا دو روزہ اجلاس آج سے ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے

فائل فوٹو


اسلام آباد:اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے  مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار  کیاہے۔ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد بڑھانے اور کلسٹر بم کے استعمال پر بھی گہری تشویش  ظاہر کی ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے کہا گیاہے کہ بھارتی فوج نے پابندی کے باوجود شہریوں پر کلسٹر بم کا استعمال کیا،ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس ہے۔

او آئی سی نے  مقوبضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیاہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے کردار ادا کرے۔

اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔

اس سے قبل  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انکے ساتھ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت، نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہندو یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ ان حالات میں او آئی سی فوری طور اس گھمبیر صورت حال کا نوٹس لے۔

ذرائع کا کہناہے کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی نے وزیر خارجہ کو صورتحال کا نوٹس لینے اور اس سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ


متعلقہ خبریں