مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے وقت مانگ لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے وقت مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا معاملہ شدت اختیار کر گیا جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے دونوں رہنماؤں سے اپنی اپنی جماعتوں کے رہنماؤں کو بیان بازی سے روکنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے تاہم حزب اختلاف متحد ہے اراکین کو بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں ’حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے باغی سینیٹرز کے خلاف کارروائی نہیں کرینگی‘

تینوں پارٹی سربراہان نے جلد رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے بیان دیا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے استعفیٰ ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں اور سیاستدان اس طرح کی ڈرامے بازی کرتے رہتے ہیں۔

خواجہ آصف کے بیان پر پیپلز پارٹی نے مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پتہ کریں خواجہ آصف کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے خلاف ان کا بیان شر انگیزی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر مسلم لیگ ن سے تحفظات کو نظر انداز کیا جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکن مسلم لیگ ن سے اتحاد پر خوش نہیں تھے۔


متعلقہ خبریں