پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا گیا


اسلام آباد: صدرمملکت عارف علوی نے کل دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اجلاس دن 11 بجے ہو گا اور اس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث کی جائے گی۔

مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف پورے پاکستان میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سیاسی رہنماؤں نے اس کی شدید مذمت کی ہے جبکہ عوامی سطح پر بھارت کے اس اقدام کے خلاف ریلیاں نکالی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند ہندو وزیرداخلہ امیت شاہ نے راجیہ سبھا میں مقبوضہ وادی کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کا درجہ ختم کرنے کا بل پیش کر دیا۔

انہوں نے اسمبلی سے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس بل پر صدر نے بھی دستخط کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اعلان کومسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پرتسلیم کیا گیا متنازعہ علاقہ ہے، بھارت کا کوئی یکطرفہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کوختم نہیں کرسکتا۔


متعلقہ خبریں