بھارت یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کر سکتا، پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں افسوسناک خبروں کا سلسلہ جاری ہے، دفتر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روح سے  بھارت کا کوئی بھی  یکطرفہ اقدام کشمیر کی خصوصی حیثیت کوختم نہیں کر سکتا۔

ڈاکٹر محمد ٖفیصل نے کہا کہ بھارت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے حالیہ اقدام کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کے لیے بالکل بھی قبول نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسٔلہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر ممکن آپشنز استعمال کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسٔلہ کشمیر سے اپنی لازوال وابستگی کا پھر سے اعادہ کرتا ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک  ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدام کی نا صرف مذمت کرتا ہے بلکہ اسے مسترد بھی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام آباد آئے امریکی وفد اور دنیا کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گا۔


متعلقہ خبریں