وزیراعظم عمران خان کا ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد سے رابطہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے بھارتی اعلان  کے تناظر میں اپنے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہا تیر محمد سے رابطہ کیاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائشین  وزیراعظم  مہاتیر محمد کو ٹیلی فون کرکے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیلی کا بھارتی اعلان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کا یہ غیر قانونی اقدام خطے کے امن و سلامتی کو تباہ کردے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  بھارت کا یہ  اقدام ایٹمی صلاحیت کے حامل ہمسائیوں کے درمیان تعلقات کو مزید خراب کرے گا۔

اس موقع پر مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائشیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور اس صورتحال سے باخبر رہنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے رابطے میں رہے گا۔

دونوں وزرائے اعظم نے امریکہ میں اقوام متحدہ  کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائڈلائن پر ملاقات پر اتفاق  بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کر سکتا، پاکستان


متعلقہ خبریں