آرٹیکل 370 کا خاتمہ ہندوستان کے ٹکڑے ہونے کا آغاز ہے، کانگریس


 بھارت  میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی  جماعت کانگریس نے بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو ملک کی آئینی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیاہے۔

کانگریس کے سینئٔر رہنما پی چدمبر نے دہلی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت آئین کی مختلف شقوں کی شرارتی طور پر غلط تشریح کر کے یہ سب کچھ حاصل کرنا چاہتی ہے۔

بھارتی ذرئع ابلاغ کے مطابق چدمبرم نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے حوالے سے اگر حکومت اس راستے پر  عمل پیرا ہوتی ہے تو یہ ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا آغاز ہے۔

کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کو خدشہ  تھا کہ بی جے پی کی حکومت کوئی غلط اقدام اٹھائے گی لیکن یہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ حکومت ایسا تباہ کن قدم اٹھائیگی۔

پی چدمبرم کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ آج ہندوستان کی آئینی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

یہ بھی پڑھے: ’ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینا ہوگا‘

دریں اثنا راجیہ سبھا میں کانگریس کے سینیٔر لیڈر بھونیشور کالیتا نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیاہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں کالیتا نے کہا کہ انہوں نے راجیہ سبھا کی ممبر شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔  تاہم انہوں نے استعفیٰ کی وجوہات نہیں بتائیں۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ  میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کالیتا آرٹیکل 370 کے حوالے سے کانگریس کے مؤقف سے نالاں تھے۔ ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کالیتا جلد ہی بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔

اُدھر پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو مکمل طور پر غیر آئینی قرار دیتے ہوئے  مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ کسی بھی قانونی شق پر عمل کئے بغیر ہندوستان کے آئین کو دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے۔ انہون نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ اس طرح مصلحت پسندانہ انداز میں نہیں کرنا چاہئے تھا۔

امریندر سنگھ نے کہا کہ اس سے کسی بھی ریاست کو صدارتی آرڈر کے ذریعے ضم کرنے کی غلط روایت پڑجائیگی۔ ساتھ ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں کسی بھی قسم کے احتجاج اور خوشی کی تقریبات پر بھی پابندی لگادی ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ پاکستان اس حوالے سے خاموش نہیں رہیگا اور ہندوستان کے خلاف کوئی بھی اقدام اٹھاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: آج بھارتی پارلیمان کے ایوان بالا ’راجیہ سبھا‘ میں کیا ہوا؟


متعلقہ خبریں