وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہواہے۔ 

اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین اور ایم ڈی پی ٹی وی، اور سینیئر افسران نے شرکت کی ۔

وزیراعظم عمران خان کو وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن، اے پی پی اور دیگر اداروں کی ایک سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اطلاعات تک رسائی کے قانون 2017ء کے تحت انفارمیشن کمشنرز کی تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عبوری ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ آٹھواں ویج بورڈ ایوارڈ مرتب کرنے کا کام جاری ہے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزارت اطلاعات نے گذشتہ سال بیس کروڑ روپے کی بچت کی اور وزارت کے ذیلی اداروں سے ریٹائرڈ ملازمین کو 1.5ارب روپے پنشن واجبات کی مد میں ادا کیے گئے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات اشتہاروں کی منصفانہ تقسیم اور حکومتی منصوبوں کو موثر طورپر اجاگر کرنے کے لیے ایک نئی پالیسی جلد منظوری کے لیے پیش کرے گی۔ اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تنظیم نو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن نے سرکاری ٹی وی میں کی جانے والی اصلاحات اور انکے نتائج سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات کا بہت اہم کردار ہے۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ تمام وفاقی وزارتیں اپنی اپنی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کریں تاکہ عوام الناس کو پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے آگاہی حاصل ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن قومی تشخص، تہذیب وتمدن اور اقدار کی ترجمانی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے ایسے پروگرام مرتب کیے جائیں جو حقیقی معنوں میں ہماری معاشرتی اقدار کی عکاسی کرتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کا تمام وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں