نیب لاہور نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب اسپورٹس بورڈ کو گرفتار کرلیا


لاہور: پنجاب اسپورٹس بورڈ کیس کی تحقیقات کے معاملے پر نیب لاہور نے ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب اسپورٹس بورڈ ظہور احمد کو گرفتار کرلیا  ہے۔

ظہور احمد کی گرفتاری کےبعد سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ عثمان انور سمیت اس کیس میں  گرفتار ملزمان کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ ملزم ظہور احمد کو کل ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔ ملزمان  پر پنجاب یوتھ فیسٹیول میں من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

قومی احتساب بیورو کی طرف سے ملزمان پر الزام عائد کیا گیاہے کہ انہوں نے  پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ٹھیکے دیئے۔

یاد رہے کہ سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کو نیب کی جانب سے جون کے تیسرے ہفتے میں گرفتار کیا گیاتھا۔

نیب کی جانب سےدعوی کیا گیا تھا کہ عثمان انور کے خلاف اب تک پنجاب اسپورٹس بورڈ میں255ملین کی کرپشن کے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں،ملزم نے غیر قانونی طور پر بلوں میں کٹوتیاں کیں اور اب تک100ملین سے زائد کی کٹوتیوں کے شواہد ملے ہیں۔ لیکن وہ رقم قومی خزانے میں جمع نہیں ہوئی۔

اسپورٹس فیسٹیول کے لیے 13کمیٹیاں بنائی گئیں تاہم مالی اختیارات عثمان انوار کو دے دیے گئے تھے،چیئرمین فنانس کمیٹی نیب کی حراست میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


متعلقہ خبریں