ریحانہ لغاری قائم مقام گورنر سندھ ہوں گی

ریحانہ لغاری قائم مقام گورنر سندھ ہوں گی

فوٹو: فائل


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی بیرون ملک روانگی پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری قائم مقام گورنر سندھ ہوں گی۔

وفاقی حکومت کی کابینہ ڈویژن نے آئین کے آرٹیکل 104 کے تحت ریحانہ لغاری کو قائم مقام گورنر سندھ بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل 6 اگست کو حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کو قائم مقام گورنر بنایا گیا ہے۔

آئین کے مطابق گورنر سندھ کی غیر موجودگی میں اسپیکر سندھ اسمبلی کو قائم مقام گورنر بنایا جاتا ہے تاہم آغا سراج درانی نیب کی تحویل میں ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جس کی وجہ سے ریحانہ لغاری کو قائم مقام گورنر سندھ بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو اگر گورنر سندھ بنایا جاتا تو گورنر ہاؤس کو 10 روز کے لیے سب جیل قرار دینا پڑتا تاہم اس تمام صورتحال سے وزیر اعظم ہاؤس کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ریفرنس منظوری کیخلاف آغاسراج درانی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

واضح رہے کہ آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں 20 فروری کو نیب کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کو دارالحکومت کے ریڈ زون کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔ نیب راولپنڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے نیب کراچی کی ٹیم کی معاونت کی تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بے نامی وزیر اعظم کو بے وردی آمریت مسلط نہیں کرنے دیں گے، ایک وفاقی وحدت کے اسپیکر پر حملہ قابل قبول نہیں، سندھ حکومت کو گرانے کیلئے یہ غیرجمہوری حملہ ہے۔


متعلقہ خبریں