آصف زرداری ، شاہد خاقان اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق صدر آصف علی زرداری ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیئے ہیں، رانا ثناء اللہ کے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء سے متعلق وزارت قانون سے رائے طلب کر لی گئی۔

پارلیمانی ذرائع کا کہناہے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے رہنما سابق صدر آصف علی زرداری ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہ پروڈکشن آرڈرز کا اجراء قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے لئے کیا گیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے پروڈکشن آرڈرز کی نقول چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال  اور ڈی جی نیب راولپنڈی اور ڈی جی نیب لاہور کو بھجوا دی ہیں۔

نیب حکام کو تینوں ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لئے پارلیمنٹ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس اور خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکیم کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثنا اللہ کے پروڈکشن آرڈرزکے اجراء کی درخواست بھی کی گئی ہے تاہم اس کے لیے اسپیکر آفس نے وزارت قانون سے رائے طلب کر رکھی ہے۔ وزارت قانون کی رائے کے بعد رانا ثنا اللہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائینگے۔

اپوزیشن کے مختلف رہنماؤں کے طرف سے شمالی اور جنوبی وزیرستان سے اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کی درخواست بھی بارہا کی جاچکی ہے ۔اسپیکرقومی اسمبلی نے وزارت قانون کی رائے کے بعد انکے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر تاحال یہ نہ ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیے: چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر آصف زرداری کا ردعمل


متعلقہ خبریں