طالبان کے ساتھ مذاکرات میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے، زلمے


امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے کہاہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے۔

زلمے خلیل زاد نے یہ بات آج سوموار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہی ہے۔

 

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل نے لکھا کہ  کابل سے دوحہ پہنچ کر طالبان کے ساتھ معاہدے کے باقی مندرجات پر فوکس رہا۔

امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن  زلمے خلیل زاد نے اپنے دورہ بھارت کا اعلان بھی کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ  آج کسی وقت دہلی جا کر افغان امن عمل پر بین الاقوامی حمایت کے لئے طے شدہ ملاقاتیں کرینگے۔

امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ میری ٹیم اور طالبان چار حصوں پر مشتمل معاہدے کی تفصیلات پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمےخلیل زاد طالبان سے مذاکرات کے نئے دور کے لئے تین اگست کو قطر کے شہر دوحہ پہنچے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکہ طالبان کےساتھ انخلا کا نہیں بلکہ امن کا معاہدہ چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: زلمے خلیل زاد کے دورۂ پاکستان پر امریکی سفارتخانے کا اعلامیہ

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا امن معاہدہ چاہتے ہیں جس سے فوجی انخلا ممکن ہوسکے۔

زلمےخلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ طالبان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ معاہدہ چاہتے ہیں اور امریکہ بھی ایک اچھے معاہدے کے لئے تیار ہے۔

اس سے قبل امریکی نمائندہ نے پاکستان کا بھی دورہ کیا جس میں انہوں نے وزیرِاعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور افغان امن عمل پر بات چیت کی۔


متعلقہ خبریں